حکومت نے 2 سال میں بروقت ضروری اور تعمیراتی صنعت کو کھولا: حماد اظہر


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے پی ٹی آئی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

اسلام آبادمیں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے حماد اظہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 2 سال میں بروقت ضروری صنعت اور تعمیراتی صنعت کو کھولا اور مون سون کے بعد تعمیراتی صنعت میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نا صرف ٹیکس فری بجٹ دیا بلکہ ٹیکس کم بھی کیا، کورونا وبا میں پاکستان نے سپلائی چین کو بحال رکھا، کنسٹرکشن کی صنعت کے لیے منفرد پیکج لائے اور اب کنسٹرکشن صنعت میں اضافہ نظر آرہا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2 سال میں 30 سے 35 لاکھ چھوٹے کاروبار کے 3 ماہ کے بجلی کے بل معاف کیے گئے، پاکستان اسٹیل 236 ارب کے قرضوں پر کھڑی ہے ہم نے اسٹیل ملز کے دیرینہ مسئلے کا حل نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر ریفارمز کمیٹی وزیراعظم نے تشکیل دی اور پہلی بار شوگر مافیا کے خلاف اقدامات کیے، انہی 2 سالوں میں ملک سے اسمگل شدہ موبائل فون ختم کیے گئے، الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینوفیکچرنگ کی پالیسی لے کر آئے اور اسی سال الیکٹرک موٹرسائیکل اور رکشے بننے شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آٹو موبائل کی 20 فیصد سیل زیادہ ہوئی، برآمدات میں اضافہ 6 فیصد ہے اور اب مقامی اسمارٹ موبائل کی برآمدات شروع ہونے والی ہیں۔

حماد اظہرکا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے پلیٹ فارم پر پہلے ہم پر تنقید ہوتی تھی کہ کچھ کرنہیں رہے لیکن ہم نے ہر ممکن اقدامات کیے تاہم آج ملک میں ایک چھوٹا سا شارٹج ہے جو اچھا سائن ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں