حکومت سندھ نے 13 اور 14 اگست کو صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان رینجرز کی جانب سے خط لکھ کر کہا گیا تھا کہ جشن آزادی پر متعدد ریلیاں نکلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے پاکستان مخالف خفیہ ایجنسیوں اور دشمن عناصر کی جانب سے ان کو نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے لہٰذا صوبے میں 13 ار 14 اگست کو ڈبل سواری پر پابدی عائد کی جائے۔
اس سلسلے میں کہا گیا کہ پاکستان رینجرز کی سفارش پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھانا ضروری تھا۔
محکمہ داخلہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے کرمنل پراسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کی شق چھ کے تحت اختیارات کا استعال کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی حدود میں دو دن بالترتیب 13 اور 14 اگست کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اس پابندی کا اطلاق خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں، معذوروں، صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہو گا۔
اس حوالے سے تمام متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے ایس ایچ اوز کو یہ اختیارات دیے گئے ہیں کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی تھی تاہم ایک دن بعد ہی یہ پابندی واپس لے لی گئی تھی۔