حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں ٹُرتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن کی طرز پر ڈائیلاگ فورم کی تشکیل کی تجویز بھی زیرغور ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے شرکاء 6 روز سے اسلام آباد کے ایچ 9 گراؤنڈ میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اور حکومت کے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
گزشتہ روز حکومتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد آج بھی دونوں کمیٹیوں کی ملاقات ہوئی۔
مذاکرات میں ڈائیلاگ فورم کے قیام کی تجویز بھی زیرغور آئی ہے، فورم کے قیام کی تجویز اکرم خان درانی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر کی طرف سے دی گئی۔
ڈائیلاگ فورم میں سول ملٹری تنازعات مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی بات بھی کی جائے گی جس میں سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور تمام اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔
حکومت اور اپوزیشن آزاد، خود مختار الیکشن کمیشن کے قیام اور انتخابی اصلاحات کیلئے نئی کمیٹی بنانے پر بھی متفق ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں مختلف مطالبات پر ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی دھاندلی پر کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کردی ہے۔