کراچی:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حکومتی تمسکات میں غیرملکی سرمایہ کاری پر شبہات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورٹ فولیو غیرملکی سرمایہ کاری معیشت کے منظر نامے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضہ مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری پاکستان کی قرضہ مارکیٹ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے مضمرات کے بارے میں کئی غلط فہمیاں ہیں۔ طویل عرصے سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی ایکوٹی منڈیوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
ایسی سرمایہ کاری کو قرضہ آلات میں سرمایہ کاری کی طرح پورٹ فولیو سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور اسپیشل کنورٹبل روپی اکاؤنٹ (ایس سیآر اے) کا فریم ورک ہی استعمال ہوتا ہے۔ یہ سرمایہ کار ہماری مالی منڈیوں میں سرمایہ لاتے اور نکالتے رہے ہیں جس سے پاکستانی معیشت کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔