لاہور: ہائیکورٹ نےحمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل میں گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کیں جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب کی طرف سے آمدن سے زائد سے اثاثہ کیس میں عبوری ضمانت منظور ہو چکی ہے، نیب کی طرف سے رمضان شوگر اور صاف پانی کیس میں گرفتاری کا خدشہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ نیب پہلے بھی سیاستدانوں کو کسی اور انکوائری میں بلا کر دوسرے مقدمات میں گرفتار کر چکا ہے، خدشہ ہے کہ نیب مجھے بھی کسی اور انکوائری میں بلائے گا اور رمضان شوگر سمیت صاف پانی اسکینڈل میں گرفتاری ڈال دے گا لہٰذا دونوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی درخواستوں پر سماعت کی اور ان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد نیب کو (ن) لیگ کے رہنما کی گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے دونوں کیسوں میں حمزہ شہباز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ نیب نے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں میں دو مرتبہ گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم نیب کو اس میں کامیابی نہ مل سکی۔