پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی ایک مرتبہ پھر انجری کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘فاسٹ باؤلر حسن کے تازہ ترین سٹی اسکین میں پسلیوں میں فریکچر تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے’۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘فاسٹ باؤلر کی آٹھویں اور نویں پسلی میں فریکچر ہوا ہے، جس سے نجاب کے لیے انہیں 6 ہفتے درکار ہیں’۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ‘حسن علی 2 دسمبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی پروگرام کا آغاز کریں گے’۔
خیال رہے کہ حسن علی انجری کے باعث طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی تھی لیکن کمر درد کے باعث دوبارہ واپس چلے گئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق حسن علی نے قائد اعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ میں سینٹرل پنجاب کی نمائند کرنے کے لیے 22 نومبر کو ٹیم میں شامل ہوگئے تھے لیکن میچ سے قبل انہوں نے درد کی شکایت کی۔
فاسٹ باؤلر کا ابتدائی طور پر سٹی اسکین کراچی میں کہا گیا جہاں پسلی میں فریکچر تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد لاہور میں دوبارہ سٹی اسکین کیا گیا اور فریکچر کی تصدیق ہوگئی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے آرہی ہے جس کے لیے سر لنکا نے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے اب تک پاکستان نے ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 19 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
سری لنکا کی ٹیم دمتھ کرونارتنے کی قیادت میں پاکستان آئے گی جس میں اوشادا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، کوشل پریرا (وکٹ کیپر)، لہیرو تھری مانے، دھننجیا ڈی سلوا، نروشن ڈکویلا، دلرووان پریرا، لاستھ ایمبل دینیا، سورنگا لکمل، لہیرو کمارا، وشوا فرنینڈو، کاسن رجیتھا اور لکشن سنداکن شامل ہیں۔