پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر متنازع ویڈیوزاپ لوڈ کرنے والی اسٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نےحریم شاہ اورصندل خٹک کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر کئی متنازع ویڈیوزاپ لوڈ کیے جانے کے بعد چینی ویڈیو شئیرنگ ایپ کی انتظامیہ سے رابطہ کرلیاہے۔
پی ٹی اے حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو دونوں ماڈلز کے خلاف کارروائی کرنے کے حوالے سے خط بھیج دیاہے۔
تاہم پی ٹی اےکی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ حکومت پاکستان نے ٹک ٹاک انتظامیہ سے ماڈلز کے خلاف کس طرح کی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تاحال ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا گیااور نہ ہی تاحال دونوں ماڈلزکے اکاونٹس کومعطل کیا گیا ہے۔
17 جنوری تک دونوں ماڈلز کےٹک ٹاک اکاونٹ موجود تھےاور پی ٹی اے کی درخواست کے حوالے سے بھی دونوں ماڈلز نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔
خیال رہے کہ پی ٹی اے نے پہلے بھی ٹک ٹاک انتظامیہ سے متنازع ویڈیوز ہٹانے کے مطالبات کیے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے ویڈیو شیئرنگ ایپ سے حریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی اے نے دونوں اسٹارز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ دونوں ماڈلز کے خلاف سیاستدان بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
تاہم دوسری جانب حریم شاہ اور صندل خٹک کا ماننا ہے کہ انہوں نےویڈیو شئیرنگ ایپ کااستعمال کرتے ہوئے کوئی بھی غلط کام نہیں کیا۔