حب ڈیم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ اضافہ، 2023 تک مختلف علاقوں کو سیراب کرتا رہے گا


کراچی اور حب کے نواحی علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں گزشتہ ایک رات کے دوران پانی کی آمد میں 7 فٹ کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ 3 دن کے دوران ڈیم میں 16 فٹ پانی آچکا ہے۔ 

واپڈا ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں گزشتہ 3 دن کے دوران ہونے والی شدید بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں سے قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 312 فٹ پر تھی، ہفتے کی شام تک ڈیم میں سطح آب 321 فٹ تک بلند ہو چکی تھی جب کہ آج صبح 9 بجے حب ڈیم میں سطح آب 328 فٹ کا نشان عبور کر رہی تھی۔

مقامی لوگوں کے مطابق بہت کم ایسا ہوا ہے کہ محض ایک رات میں حب ڈیم میں اس قدر زیادہ پانی آیا ہو، حب ڈیم سے نکلنے والی ایک کینال کے ذریعے پانی حب، ساکران اور اس کے نواحی علاقوں میں پینے اور  زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے سپلائی کیا جاتا ہے جب کہ دوسرے کینال سے پانی کراچی کے ضلع غربی کے علاقوں کو پینے اور دیگر ضروریات زندگی کے استعمال کے لیے واٹر بورڈ کو فراہم کیا جاتا ہے۔

گزشتہ روز تک حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے کو واٹر بورڈ نے آئندہ 2 سال کی ضروریات کے لیے کافی قرار دیا تھا مگر واپڈا ذرائع کے مطابق آئندہ سال اگر مزید بارشیں نہ بھی ہوئیں تو حب ڈیم سال 2023 تک اپنی حد کے علاقوں کو سیراب کرتا رہے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں