بھارت کی معروف اداکارہ جھانوی کپور نے اپنے کیرئیر سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کی معروف آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ لوگ مجھ سے نفرت کرتے ہیں کیونکہ مجھے کرن جوہر نے فلم انڈسٹری میں آنے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ دھرما ایک مشہور پروڈکشن ہاؤس ہے اور جس قدر تجسس اور پہنچ دھرما کی ہے اور جتنا یہ عوام میں دلچسپی پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے، شاید اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
جھانوی کپور نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ مجھ پر ایک دباؤ ہوتا ہے اور اسی لیے نفرت کیے جانے کا بھی آسان ہدف ہوں۔
واضح رہے کہ کرن جوہر اپنے دھرما پروڈکشن سے کئی بالی ووڈ اداکاروں کے بچوں کو اپنی فلموں میں لانچ کر کے انہیں سپر اسٹار بنا چکے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ انہیں اقربا پروری کو بڑھانے والے ہدایتکار اور پروڈیوسر کے نام سے پکارا جاتا ہے، اور اسی وجہ سے جھانوی کپور پر بھی اقربا پروری کے تحت انڈسٹری میں آنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ جھانوی کپور پر یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کی بجائے سری دیوی کی بیٹی ہونے کی وجہ سے فلموں میں آئی ہیں۔