پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ فٹنس کیمپ کا فائدہ ہوا ہے اب بھی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تین ہفتے پہلے ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ کرایا تھا جو کہ کلئیر آیا ہے۔
شاداب خان نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز پری سیزن کیمپ جوائن کیا اور آج صبح کے سیشن سے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
شاداب نے بتایا کہ انہوں نے حسن علی کی شادی کیلئے چھٹیاں لیں جوکہ اچھی رہیں حسن علی کی شادی کا فنکشن بہت اچھا رہا۔
اپنی شادی کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، شادی کا فیصلہ فیملی کرے گی، میرے لیے جو بھی ہوگا دیکھیں گے۔
شاداب خان نے کہا کہ وائٹ بال کے ساتھ پرفارمنس اچھی رہی ہے اب کوشش ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا پرفارم کروں اور اس کیلئے لمبے اسپیل کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کروں، میں پوری محنت کرتا ہوں نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہے.
شاداب خان نے کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آئے، ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کی ضرورت ہے، مصباح الحق کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اگر وہ کوچ بنتے ہیں تو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا لیکن اس کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے۔