جونیئر لیگ؛ پی سی بی فرنچائزز کے تحفظات دورکرے گا

جونیئر لیگ؛ پی سی بی فرنچائزز کے تحفظات دورکرے گا


 کراچی: پی سی بی نے جونیئر لیگ پر پی ایس ایل فرنچائززکے تحفظات دور کرنے کی ٹھان لی،اونرز کو اس حوالے سے جلد اعتماد میں لیا جائے گا۔

جونیئر لیگ اور اکاؤنٹس کے معاملے میں پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز میں ایک بار پھر اختلافات سامنے آئے ہیں، ٹیم مالکان کا خیال ہے کہ سپرلیگ کے ساتھ دیگر ایونٹس کرانے سے برانڈ کو نقصان پہنچے گا،اس حوالے سے مشترکہ خط لکھ کر اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ پی سی بی فرنچائزز سے جونیئر پریمیئر لیگ اور ویمن لیگ کے حوالے سے بات کرے گا، انھیں ان ایونٹس کے فلسفے، پس منظر،فوائد اور مثبت چیزوں پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرکٹ بورڈ تاحال پی ایس ایل 5 اور 6  کے حسابات بھی فائنل نہیں کر سکا اور فرنچائزز کو اپنے شیئر کا انتظار ہے۔

اس حوالے سے سوال پر سمیع الحسن برنی نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے مذکورہ ایونٹس سے آمدنی کی تفصیلات پہلے ہی ٹیموں کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہیں، ساتویں ایونٹس کے اخراجات کی تفصیل نہ دینے پر انھوں نے کہا کہ اس میں 90 دنوں کا مفاہمتی پراسس ہوتا ہے کیونکہ کئی انوائسز اور بلز جمع ہوتے ہیں،اس حوالے سے بعض ٹیموں کی جانب سے مخصوص معلومات کا بھی انتظار ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچویں اور چھٹے ایڈیشن کے اکاؤنٹس فائنل نہ ہونے کی وجہ بعض قانونی معاملات تھے جو اب تقریبا حل ہو چکے ہیں۔

ادھر فرنچائزز کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ پی سی بی پی ایس ایل کی الگ کمپنی بنائے جس کا اسٹاف بھی مختلف ہو، اس حوالے سے ڈائریکٹر میڈیا نے کہا کہ اس پر گذشتہ 4 سال سے تبادلہ خیال جاری ہے،ابھی اسے مسترد نہیں کیا مگر کوئی فیصلہ بھی نہیں ہو سکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں