جونیئر لیگ؛ عمران طاہر کومینٹورز میں شامل کرنے کا فیصلہ

جونیئر لیگ؛ عمران طاہر کومینٹورز میں شامل کرنے کا فیصلہ


کراچی: جنوبی افریقی اسٹار عمران طاہر کوپاکستان جونیئر لیگ کے مینٹورز میں شامل کرنے کا فیصلہ ہو گیا، انھیں بھی ایک کروڑ روپے سے زائد معاوضہ دیا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا ڈریم پروجیکٹ جونیئر لیگ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا، گذشتہ دنوں جاوید میاندادکو لیگ جبکہ شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو ٹیموں کا مینٹور مقرر کیا گیا تھا،ان سب کو50،50 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے، پاکستانی کرنسی میں یہ رقم ایک، ایک کروڑ روپے سے زائد بنے گی،دیگر تین ٹیموں کے مینٹورز کا تقرر ہونا ابھی باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی اسٹار عمران طاہر سے بھی پی سی بی کے معاملات طے پا چکے، وہ بھی ایک ٹیم کے مینٹور بنیں گے، ان سے45 ہزار ڈالر میں معاملات طے پائے ہیں، پاکستانی روپوں میں یہ رقم بھی ایک کروڑ سے زائد بنتی ہے

 عمران کا تعلق لاہور سے ہی ہے، بہتر مستقبل کی خاطر وہ جنوبی افریقی منتقل ہو گئے تھے،43سالہ اسپنر 20ٹیسٹ،107 ون ڈے اور38 ٹی ٹوئنی میچز میں پروٹیز کی نمائندگی کا اعزاز پا چکے، انھوں نے آخری انٹرنیشنل میچ 2019 میں کھیلا تھا، وہ لیگز میں تواتر سے حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب پی جے ایل کے لیے پی سی بی سرکاری ٹی وی سے براڈ کاسٹ ریونیو شیئرنگ کے معاہدے پر غور کر رہا ہے،اس حوالے سے حتمی فیصلہ کچھ عرصے میں متوقع ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں