بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ صرف 2 دن میں 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی پہلی ہندی فلم بن گئی۔
فلم جوان جو 7 ستمبر کو ریلیز ہوئی، اُس نے ابتدائی دو دن میں بھارت میں تقریباً 128 کروڑ کا بزنس کیا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس کی کمائی 235 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
بھارتی باکس آفس پر شاہ رخ خان کی فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 75 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ دوسرے دن فلم نے تقریبا 53 کروڑ چھاپ لیے، ادھر ورلڈ وائیڈ باکس آفس پر فلم نے جمعے کے روز 109 کروڑ کا بزنس کیا۔
فلموں کے کاروبار سے منسلک منوبالا نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ فلم جوان صرف 2 دن میں دنیا بھر میں 200 کروڑ کمائی کرنے والے کلب کا حصہ بن گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے دن 125 کروڑ اور دوسرے دن 109 کروڑ کا بزنس کیا ہے، یوں دنیا بھر میں اس کی کمائی 235 کروڑ کے قریب پہنچ گئی۔
فلم کی کامیابی پر شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کا بھرپور محبت دینے پر شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی تاکید کی کہ فلم دیکھنے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی ملاقات ہوگی، تھیٹر میں جوان کے ساتھ پارٹی تو ہوگی، بہت سارا پیار اور نیک تمنائیں۔