لندن:
ایک عرصے سے بچوں اور خواتین میں جوئیں مارنے والی عام دوا ’آئیورمیکٹِن‘ حالیہ کورونا وبا میں دنیا بھر میں استعمال ہوئی ہے۔ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر کے بعد اب لندن میں بھی اس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔خبر یہ ہے کہ گیارہ مختلف مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ آئیورمیکٹن کووڈ 19 سے اموات کو ڈرامائی طور پر کم کرسکتی ہے جس کی شرح 80 فیصد تک ہے۔ یعنی اگر کووڈ 19 سے 100 افراد موت کے منہ میں جارہے ہوں تو ان میں سے 80 افراد تک بچ سکتے ہیں یا محفوظ رہ سکتے ہیں۔
تازہ خبر کے مطابق لیورپول یونیورسٹی کے ماہرِ وبائیات ڈاکٹر اینڈریو ہِل نے یہ تفصیلی تجزیہ کیا ہے اور انہوں نے موت کے منہ میں جانے والے انتہائی سیریئس مریضوں کے لیے اس دوا کو ایک ڈرامائی اور اہم ترین دوا قرار دیا ہے۔ دیگر ماہرین نے اس پر تشکیک کا اظہار کرتے ہوئے مزید تحقیق پر زور دیا ہے جبکہ ڈاکٹر اینڈریو نے اس ضمن میں گیارہ مختلف مطالعوں کی تفصیل پیش کی ہے۔
تجزیہ کار سائنسدانوں کا اصرار ہے کہ اس سے قبل ہائیڈرکلوروکوئن اور دیگر دواؤں کے بارے میں بہت سے دعوے کئے گئے تھے جو وقت کے ساتھ غلط ثابت ہوئے اور ان کے کوئی فوائد سامنے نہیں آئے۔
واضح رہے کہ 1970 میں تیار کی جانے والی آئیورمیکٹِن کھائی جاتی ہے اور کریم کی شکل میں جلد پر لگائی جاتی ہے۔ اس طرح یہ جسمانی طفیلیوں (پیراسائٹس) کو ختم کرتی ہے۔ یہ دنیا میں عام استعمال ہورہی ہے لیکن کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شدید بیمار افراد کےلیے بھی اس کے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق یہ دوا ’’سارس کوو ٹو‘‘ (SARS-COV-2) وائرس کو مفلوج کردیتی ہے جس سے ان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد رک جاتی ہے۔ اس بات کا انکشاف 1400 مریضوں پر کئے گئے 11 مختلف تجربات اور مطالعوں سے سامنے آیا ہے لیکن ابھی صرف اس رپورٹ کے کچھ حصے ہی افشا ہوئے ہیں جبکہ مکمل تحقیقی رپورٹ اگلے ماہ شائع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صرف برطانیہ میں کووڈ 19 کے شکار 573 مریضوں کو یہ دوا دی گئی تو ان میں سے آٹھ افراد ہی ہلاک ہوئے جبکہ دوا نہ دینے والے 510 مریضوں میں سے 44 لقمہ اجل بن گئے۔ دو مطالعات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئیورمیکٹِن بہت تیزی سے کورونا وائرس کو جسم سے نکال باہر کرتی ہے۔
مصر میں کووڈ 19 کے درمیانے درجے کے آثار والے 100 مریضوں کو آئیورمیکٹِن دی گئی تو اوسطاً پانچ روز میں ان کی تمام علامات جاتی رہیں۔ لیکن اگلے 100 مریضوں کو یہ دوا نہیں دی گئی تو ان کی وبا ختم ہونے میں 10 دن لگے۔
تاہم اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور رہے گی لیکن آئیورمیکٹِن کے ابتدائی نتائج بہت حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں بھی بعض مریضوں پر آئیورمیکٹِن آزمائی گئی ہے اور وہاں بھی اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔