جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ویمن ٹیم کو پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں 10 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے تزمین بریٹس 56 رنز بنا کر نمایاں رہیں، قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 3 اور ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ویمن ٹیم کی ابتدائی 5 وکٹیں 47 رنز پر گرگئی تھیں جس کے بعد عالیہ ریاض اور کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکیں۔
پاکستان ویمن ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز ہی بناسکی، عالیہ ریاض 52 اور فاطمہ ثنا 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم:
فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، سدرہ امین، ندا ڈار، منیبہ علی، عالیہ ریاض، صدف، سیدہ عروب شاہ، سعدیہ اقبال، نشرح سندھو، طوبیٰ حسن
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم:
لورا وولوارڈ، تزمین برٹس، اینیک بوش، ماریزان کپ، چلو ٹریون، اینری ڈیرکسن، سن لوس، سینالو جفتا، سیشنی نائیڈو، آیا بونگا کھاکا، تمی سکھونے
واضح رہے کہ 3 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے باقی دونوں میچز 18 اور 20 ستمبر کو ملتان میں ہی کھیلے جائیں گے۔