جنرل اسپتال انتظامیہ کی جانب سے لیجنڈ اداکار افضال احمد کو الگ بیڈ بھی نہ دیا گیا۔
اداکار افضال احمدکے منیجر رضوان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شام افضال احمد کو برین ہیمریج کی وجہ سے جنرل اسپتال لایا گیا تھا، اداکار کے علاج کیلئے اسپتال انتظامیہ سے ایک پرائیوٹ کمرہ مانگا گیا تھا لیکن انتظامیہ کی جانب سے فراہم نہیں کیا گیا۔
منیجر نے کہا کہ جنرل اسپتال میں ایک ایک بیڈ پر دو دو مریض لیٹے ہوئے تھے اور افضال صاحب کو بھی ایک مریض کے ساتھ لٹا دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 25 سال پہلے افضال احمد کو جسم کے دائیں حصے پر فالج ہوا تھا وہ بول نہیں سکتے تھے اور نہ چل سکتے تھے۔
منیجر کےمطابق بہن کے امریکا سے آنے کے بعد افضال احمد کی تدفین کل کی جائے گی جب کہ ان کے سوگواران میں تین بیٹیاں ہیں جوبیرون ملک رہائش پذیر ہیں۔