جس ملک میں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، شاہد خاقان عباسی

جس ملک میں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، شاہد خاقان عباسی


سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک اس لیے نہیں چلتا کیونکہ ہر کوئی حلف کی پاسداری نہیں کرتا، جس ملک میں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا، دنیا کا ہر نظام آزما لیا ہے، اب آئین کو بھی دیکھ لیں۔

سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتیں منشور بناتی ہیں پھر انہیں بھول جاتی ہیں، سب جماعتوں کا منشور ایک جیسا ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شق نہیں آج ہر پاکستانی پریشان ہے، کسی محفل میں جائیں تو سوال کیا جاتا ہے کہ ملک کا کیا بنے گا، لوگ پوچھتے ہیں ملک کے مسائل کا حل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں عوام کی خدمت اور انہیں سہولتیں دینے کے لیے ہوتی ہیں، بجلی، پانی اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ملکی مسائل کا حل آئین کے اندر ہے، آئین توڑنے والے ملک ترقی نہیں کرتے، مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنیا کا ہر نظام آزما لیا ہے، اب آئین کو بھی دیکھ لیں، ملک اس لیے نہیں چلتا کیونکہ ہر کوئی حلف کی پاسداری نہیں کرتا، اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آئینی راستے پر نہیں چلیں گے کچھ نہیں ہوگا، ہمیں آئین پر واپس آنا ہوگا، تمام مسائل کا حل آئین میں ہے، جس ملک میں الیکشن چوری ہوں وہاں سیاسی استحکام نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی مسئلہ ہوگا لیکن اصل مسئلہ معیشت کی ناکامی ہے، معیشت کا جو حال 10 سال پہلے تھا آج بھی وہی ہے، ہمارے ملک کی لیڈرشپ آج بھی اپنے مفاد کیلئے بیٹھی ہے، ارشد ندیم جب یہاں سے جارہا تھا تو کوئی ایک وزیر موجود نہیں تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں