جسٹن بیبر نے 4 سال بعد پہلا گانا ریلیز کردیا


معروف کینیڈین نژاد امریکی پاپ اسٹار جسٹن بیبر نے 4 سال بعد اپنا پہلا گانا ریلیز کردیا جس کے شائقین کو امید ہے کہ جلد وہ اپنا نیا ایلبم بھی ریلیز کریں گے۔

جسٹن بیبر نے پہلے ہی اعلان رکھا ہے کہ وہ 2020 میں اپنا پانچواں میوزک ایلبم ریلیز کریں گے۔

جسٹن بیبر کا آخری میوزک ایلبم ’پرپوز‘ 2015 میں ریلیز ہوا تھا جب کہ ان کا آخری سنگل گانا بھی 2016 میں ریلیز ہوا تھا۔

گزشتہ 4 سال سے جسٹن بیبر نے کوئی بھی نیا گانا ریلیز نہیں کیا تھا اور ان کی جانب سے گانا ریلیز نہ کیے جانے کی وجہ سے ان کے مداح مایوس تھے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کا جسٹن بیبر کی زندگی پر دستاویزی فلم ریلیز کرنے کا اعلان

جسٹن بیبر کی جانب سے میوزک سے دوری کی وجہ سے لوگوں کا خیال تھا کہ ان کا کیریئر ختم ہو چکا ہے، تاہم گلوکار وقتا بوقتا جلد میوزک کی دنیا میں واپسی کا اعلان کرتے رہے۔

گزشتہ 5 سال کے دوران جسٹن بیبر کی زندگی میں کافی اتار چڑھاؤ آئے اور انہوں نے دیرینہ گرل فرینڈ سیلینا گومز سے تعلقات ختم کرنے کے بعد خود کو سوشل میڈیا اور میوزک دنیا سے دور کر رکھا تھا۔

جسٹن بیبر نے اکتوبر 2019 میں  ماڈل ہیلی ہالڈ وین سے شادی کی تھی—فوٹو: رفائنری 29
جسٹن بیبر نے اکتوبر 2019 میں ماڈل ہیلی ہالڈ وین سے شادی کی تھی—فوٹو: رفائنری 29

بعد ازاں جسٹن بیبر نے امریکی ماڈل ہیلی ہالڈ وین سے منگنی کرکے سب کو حیران کیا اور گزشتہ برس ہی انہوں نے ماڈل سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔

جسٹن بیبر نے گزشتہ سال سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ وہ ذہنی مسائل اور صحت کا بھی شکار رہے جس وجہ سے وہ موسیقی کی دنیا سے تقریبا دور تھے۔

کینیڈین نژاد امریکی گلوکار کی جانب سے 4 سال بعد نیا گانا ’یمی‘ سال نو کے موقع پر 2 جنوری 2020 کو ریلیز کیا گیا اور ان کا گانا آتے ہی وائرل ہوگیا۔

اس گانے کو اب تک یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

سنگل گانے کو ریلیز کرنے سے قبل جسٹن بیبر کی زندگی پر ’یوٹیوب‘ کی جانب سے بنائی جانے والی دستاویزی فلم کا ٹریلر بھی سامنے آیا تھا اور ان کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری کو رواں ماہ 27 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جسٹن بیبر نے 2006 میں گلوکاری کا آغاز کیا اور انہیں 2007 میں اس وقت شہرت ملی تھی جب ان کا گانا ’یوٹیوب‘ پر وائرل ہوا تھا۔

ماضی میں جسٹن بیبر کے تعلقات سلینا گومز سے تھے—فائل فوٹو: اے پی
ماضی میں جسٹن بیبر کے تعلقات سلینا گومز سے تھے—فائل فوٹو: اے پی

25 سالہ گلوکار نے یوٹیوب پر شہرت حاصل کرنے کے بعد 2010 میں اپنا پہلا میوزک ایلبم ’مائی ورلڈ‘ ریلیز کیا تھا جس نے کافی شہرت حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: جسٹن بیبر کی پرانی دوست کے ساتھ بڑھتی قربتیں

پہلے میوزک ایلبم کی کامیابی کے بعد انہوں نے دوسرا ایلبم ’انڈر دی مسٹیلیٹو‘ 2011 میں ریلیز کیا تھا، ان کا تیسرا میوزک ایلبم ’بلیو‘ 2012 میں سامنے آیا۔

جسٹن بیبر نے چوتھا میوزک ایلبم ’پرپوز‘ 2015 میں ریلیز کیا تھا جس کے بعد اب تک انہوں نے کوئی میوزک ایلبم ریلیز نہیں کیا۔

جسٹن بیبر نے ہیلی ہالڈ وین سے جولائی 2018 میں منگنی کی تھی—فوٹو: یو ایس ویکلی
جسٹن بیبر نے ہیلی ہالڈ وین سے جولائی 2018 میں منگنی کی تھی—فوٹو: یو ایس ویکلی

جسٹن بیبر نے 2016 میں آخری بار سنگل گانا جاری کیا تھا جس کے بعد اب 2 جنوری 2020 کو انہوں نے سنگل گانا ریلیز کیا۔

گزشتہ 5 سال کے دوران جسٹن بیبر نے دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والے میوزک فیسٹیولز میں اپنے پرانے گاکر مداحوں کو محظوظ کیا اور جلد ہی وہ اپنا پانچوں میوزک ایلبم ریلیز کریں گے۔

ساتھ ہی جلد ہی ان کے مداح ان کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو ’یوٹیوب‘ پر بھی دیکھ سکیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں