جسٹن بیبر اور اہلیہ ہیلی بالڈوین نے خود کو قرنطینہ کرلیا


کینیڈین پاپ اسٹار اور اداکار 26 سالہ جسٹن بیبر اور اہلیہ ماڈل ہیلی بالڈوین نے بھی کورونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

جسٹن بیبر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہلیہ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں یہ دونوں ایک دوسرے کو بوسہ دے رہے ہیں۔

اس تصویر پر انہوں نے اپنی اہلیہ کو ’قرنطینہ کا ساتھی‘ قرار دیا۔

جبکہ انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ اہلیہ کے ہمراہ گھر میں رقص کررہے ہیں، جس سے ایسا محسوس ہوا کہ قرنطینہ کے دوران یہ دونوں خود کو اس طرح مصروف رکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں جسٹن بیبر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مداحوں کو کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے کئی مشورے بھی دیے تھے۔

ویڈیو میں انہوں نے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ اپنے ہاتھ دھو رہے ہیں؟ اس وائرس سے بچنے کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

یاد رہے کہ جسٹن بیبر نے 2018 میں 23 سالہ ماڈل ہیلی بالڈ وین کے ساتھ خفیہ شادی کی تھی جس کا اعلان انہوں نے 2019 میں سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 727 ہوچکی ہے، اس مرض سے 9 افراد ہلاک بھی ہوئے جبکہ 9 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے نوول کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا ہے کیونکہ یہ 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس دسمبر میں سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک 107 ممالک میں اس سے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 4251 ہلاک ہوچکے ہیں، مگر 65 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

چین میں اس وائرس کی شدت میں اب نمایاں کمی آچکی ہے اور 10 مارچ کو گزشتہ 4 ماہ کے دوران سب سے کم 17 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اس وقت کووڈ 19 کا کوئی علاج اور ویکسین دستیاب نہیں تاہم اس کی علامات کا علاج کرکے بیشتر افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں، اس سے بچاﺅ کا اچھا ذریعہ ہاتھوں کی صفائی، چہرے کو چھونے سے گریز، بیمار افراد کے قریب جانے سے بچنا ہے، جبکہ کھانسی یا چھینکتے ہوئے منہ کو کہنی یا ٹشو سے ڈھانپنا بھی شامل ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں