برلن:
جرمنی میں ایک گیسٹ ہاؤس سے 3 افراد کی تیر لگی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ان میں سے ایک کے گھر سے مزید 2 خواتین کی تیر لگی لاشیں ملی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز علی الصبح گیسٹ ہاؤس کے کمرے سے 53 سالہ مرد اور 2 خواتین کی لاشیں ملی تھیں، خواتین کی عمریں 33 اور 30 سال تھیں۔ تینوں لاشوں پر تیر پیوست تھے اور کمرے سے دو کمانیں بھی ملیں۔
پولیس کو تحقیقات کے دوران گیسٹ ہاؤس سے ملنے والے لاشوں میں ایک خاتون کے گھر واقع ویٹینگن سے مزید 2 خواتین کی لاشیں ملی ہیں، ان لاشوں پر بھی تیر پیوست ہوئے تھے۔ پولیس نے پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پراسرار لاشوں کی تحقیقات جاری ہیں اور حیران کن طور پر ایک ہی طریقے سے قتل ہونے والے پانچوں افراد کا کوئی تعلق سامنے نہیں آیا ہے اور پانچوں کیرہائش الگ الگ صوبوں سے ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تینوں افراد کیوں اور کس حیثیت سے گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر تھے۔