جب امیتابھ کو دیکھ کر ریکھا نے رُخ بدل لیا


بالی وڈ کی نامور اداکارہ ریکھا اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی جوڑی 70 اور 80 کی دہائی کی سب سے مقبول اور پسندیدہ جوڑی مانی جاتی تھی، لیکن حال ہی میں بگ بی کی تصویر دیکھ کر ریکھا کے چہرے پر آنے والے تاثرات سوشل میڈیا پر مقبول ہو رہے ہیں، جس نے سب کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔

 گزشتہ روز بھارتی سلیبرٹی فوٹوگرافر دبو رتنانی نے ایک شاندار تقریب سجائی، جس کے دوران انہوں نے رواں سال کا 12 اسٹارز کی تصاویر پر مبنی کیلنڈر متعارف کروایا۔

اس تقریب میں بالی وڈ کی متعدد نامور شخصیات نے شرکت کی اور چار چاند لگا دیے۔

اگرچہ اس کیلنڈر میں ریکھا کی تصویر نہیں تھی، لیکن انہوں نے سیاہ رنگ کے لباس  زیب تن کیے، آنکھوں پر کیٹ گلاسز لگائے تقریب میں شاندار انداز میں انٹری کی۔

جب وہ تصویر بنوانے کے لیے بیک ڈراپ کے آگے کھڑی ہوئیں تو فوٹو گرافرز نے انہیں آگے ہونے کو کہا، جس کے پیچھے امیتابھ بچن کی تصویر تھی۔

اداکارہ جب پیچھے مڑیں اور امیتابھ بچن کی تصویر دیکھی تو چونک گئیں اور انتہائی دلچسپ تاثرات دے کر وہاں سے ہٹ گئیں، جس پر تقریب میں قہقہے گونج اٹھے۔

ڈبو رتنانی کے سال نو کے کیلنڈر میں امیتابھ بچن کی تصویر کے ساتھ ساتھ ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے، شاہ رخ خان، ودیا بالن، ٹائیگر شروف، کریتی سنن، سوناکشی سنہا، سنی لیون، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کی جوڑی 70 اور 80 کی دہائی کی سب سے مقبول اور پسندیدہ جوڑی مانی جاتی تھی اور دونوں کے قریبی تعلقات کے چرچے بھی زبان زدعام تھے لیکن ذاتی وجوہات کے باعث دونوں کی شادی نہ ہوسکی۔

دونوں نے ایک ساتھ ’سلسلے‘، ’دو انجانے‘، ’مسٹر نٹورلال‘ جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جن کو مداح اب بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

طویل عرصے تک یہ بھی مشہور رہا کہ ریکھا شادی نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ صرف امیتابھ بچن سے ہی محبت کرتی ہیں، یہی وجہ ہے برسوں بعد بھی دونوں توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں