ٹوکیو: جاپان کے شہر اوساکا میں کل سے شروع ہونے والے 2 روزہ جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے چینی صدر شی جن پنگ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر عالمی رہنما اوساکا پہنچ گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوساکا پہنچنے سے قبل جاپان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور جاپان دفاعی اتحادی ہیں، اگر جاپان پر کوئی حملہ کرتا ہے تو امریکا تیسری عالمی جنگ لڑے گا لیکن اگر امریکا پر حملہ ہوتا ہے تو جاپان سونی ٹیلی ویژن پر مناظر دیکھتا رہے گا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق اوساکا میں جن ہوٹلوں میں مہمان قیام کریں گے وہاں اور ایئرپورٹس سمیت دیگر مقامات پر 32 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ کئی شاہراہوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق دو روز کے لیے تقریباً 700 اسکول بند رہیں گے جب کہ عوام کو ٹرین اور سب وے کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔