ٹوکیو:
جاپان کے سرکاری تحقیقی ادارے ’’رائیکن لیبارٹری‘‘ نے نجی ٹیکنالوجی کمپنی ’’فیوجیتسو‘‘ کے تعاون و اشتراک سے دنیا کا طاقتور ترین سپر کمپیوٹر ’’فُوگاکُو‘‘ (Fugaku) تیار کرلیا ہے جو صرف ایک سیکنڈ میں 415 کروڑ ارب حسابات لگا سکتا ہے۔ قدرے تکنیکی الفاظ میں یوں کہا جاسکتا ہے کہ فُوگاکُو کی رفتار ’’415 پی-ٹا فلوپس‘‘ (415 peta flops) ہے۔
اس سے پہلے تک ’’سمّٹ‘‘ کو دنیا کا سب سے تیز رفتار سپر کمپیوٹر کا اعزاز حاصل تھا جو امریکا کی اوک رِج نیشنل لیبارٹری نے تیار کیا ہے اور 148 پی-ٹا فلوپس کی رفتار سے حساب لگاتا ہے۔ اس طرح رفتار کے میدان میں ’’فُوگاکُو‘‘ کی رفتار، سمّٹ کے مقابلے میں 2.8 گنا زیادہ ہے۔
لیکن فُوگاکُو کی برتری صرف یہیں پر ختم نہیں ہوجاتی بلکہ یہ دنیا کا سب سے پہلا تیز رفتار ترین سپر کمپیوٹر بھی ہے جس میں ’’اے آر ایم آرکٹیکچر‘‘ کے حامل 158,976 سی پی یو ایک ساتھ استعمال کیے گئے ہیں۔
ماضی میں بھی اے آر ایم آرکٹیکچر والے سی پی یوز کی مدد سے سپر کمپیوٹر تیار کیے جاچکے ہیں لیکن وہ زیادہ طاقتور نہیں تھے۔ اس لحاظ سے یہ پہلا موقع ہے جب ’’اسمارٹ فون پروسیسر‘‘ کی ٹیکنالوجی سے دنیا کا سب سے تیز رفتار سپر کمپیوٹر تیار کیا گیا ہے۔
دیگر خبروں سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ فُوگاکُو کا اعلان کرنے سے پہلے ہی یہ سپر کمپیوٹر کورونا وائرس کی ویکسین تلاش کرنے میں استعمال کیا جانے لگا تھا۔