جاپان میں اسکول کے بچوں پر چھرے سے حملہ، طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک


ٹوکیو: جاپان میں اسکول کے بچوں پر چھرے سے حملے میں کمسن طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان کے شہر کاواساکی میں ایک شخص نے بس کے انتظار میں کھڑے اسکول کے بچوں پر چھرے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوئے جب کہ 11 سالہ طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات کے بعد ملزم نے اپنے گلے پر ہی چھرا پھیر لیا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے پیش آیا اور ایک اسکول بس کے ڈرائیور نے بتایا کہ ایک شخص لائن میں کھڑے بچوں کی طرف بڑھا اور بچوں کے چھرا گھونپنا شروع کردیا جس کے بعد ملزم بس کے اندر جا گھسا اور وہاں بھی بچوں پر حملہ آور ہوا۔

جائے وقوعہ کا منظر: فوٹو بشکریہ رائٹرز

میڈیا رپورٹس میں ملزم کی عمر 50 سال کے قریب بتائی جارہی ہے اور اس نے دونوں ہاتھوں میں چھرے تھام رکھے تھے جب کہ حملے کے وقت اسکول کی 16 طالبات موجود تھیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جو بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی سروس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جب کہ مقامی افراد نے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پھول رکھ دیے۔

جاپان کے وزیراعظم شنزو ابی نے واقعے کی شدید مذمت کی اور اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی خوفناک واقعہ ہے۔

جاپان کے وزیراعظم نے واقعے کے متاثرین سے اپنے دلی رنج کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کی۔

دوسری جانب جاپان کے سرکاری دورے پر موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے پر افسوس اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے


اپنا تبصرہ لکھیں