کراچی:
عالمی شہرت یافتہ کرکٹ کے سابق کھلاڑی جاوید میاں داد نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی بیہودہ پیروڈی پرشدید غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ چینل پرپروگرام چلانا ایک الگ چیزہے لیکن کسی کو بے عزت کرنے کا کسی کو حق نہیں۔ لوگ مجھے اچھی طرح جانتے ہیں اوراسی لیے میری عزت بھی کرتے ہیں، اگرآئندہ اس طرح کا کوئی بھی اقدام کیا گیا تومیں آخری حد تک جاؤں گا اس لیے اس چیز کا خیال رکھا جائے۔
جاوید میاں داد نے کہا کہ میں معزرت کے ساتھ ہرچینل سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ ضرر پیروڈی کریں لیکن کچھ مناسب انداز میں ، تاہم جوپروگرام میں میرا نام لے کرکیا گیا وہ مجھے بالکل اچھا نہیں لگا۔ بڑوں کی عزت کی جاتی ہے خاص طور پر ان لوگوں کی جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا ہو۔
سابق کھلاڑی نے کہا کہ میں سچا پاکستانی ہوں، میری یا مجھ سے جڑی ہر چیز میری دھرتی ہے۔ میں وہ بندہ ہوں جو اس ملک کے لیے لڑا ہوں، جس کسی نے کبھی بھی پاکستان یا میرے لوگوں کے خلاف بات کی ہے تومیں نے ان کے خلاف بولا ہوں۔ میں نے کبھی بھی آج تک کچھ غلط نہیں کیا حالانکہ جب فکسنگ بھی ہوئی تو میں کرکٹ چھوڑ کر الگ ہوگیا تھا۔