کراچی:
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو میں جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت میں جیسے حالات ہیں اس کے پیش نظر تمام پروفیشنل ٹیموں کو بھارت نہیں جانا چاہیے، میں آئی سی سی سے بھی مطالبہ کرتا ہوں بھارت کو کسی بھی ایونٹ میں مدعو نہ کیا جائے اور تمام کرکٹ ٹیموں کو بھارت بھیجنے سے روکا جائے۔
پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر کا کہنا تھا کہ کشمیر اور مسلمانوں کے لیے بھارت میں نفرت کی آگ پھیلائی ہوئی ہے، ایسے لوگوں کو پوری دنیا میں کہیں بھی نہیں بلانا چاہیے جو اپنے ملک میں لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پوری دنیا بھارت میں ہونے والے حالیہ واقعات پر بات کررہی ہے، یہاں تک کہ اقوام متحدہ میں بھی بھارت کی بات کی جارہی ہے اور میں تمام ممالک کو خبردار کرتا ہوں وہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کے کھلیوں کی سرگرمیاں معطل کردے کیوں کہ وہ اب محفوظ ملک نہیں رہا اور تمام ممالک کو بھارت میں ہونے والے واقعات پر ایکشن لینا چاہیے، جہاں انسانوں کو جانوروں کی طرح مارا جارہا ہے۔
سابق کپتان نے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئی پی ایل کا بائیکاٹ کریں یا کم از کم بھارت آنے سے پہلے سیکیورٹی گارنٹی لیں جیسے سب پاکستان کے ساتھ کرتے آرہے ہیں لیکن اب پاکستان بھارت سے زیادہ محفوظ ملک ہے جس کا ثبوت سری لنکا کا حالیہ دورہ پاکستان ہے جس میں وہ مکمل طور پر مطمئن ہوکر واپس گئے ہیں۔