جاوید اختر نے ایسا بیان جان بوجھ کر دیا، یاسر حسین

جاوید اختر نے ایسا بیان جان بوجھ کر دیا، یاسر حسین


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان یاسر حسین نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بھارتی شاعر، گیت نگار اور مصنف جاوید اختر کے لاہور لیٹریچر فیسٹیول کے دوران پاکستان کے حوالے سے دیئے گئے متنازع بیان پر کھل کر بات کی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ میں یاسر حسین نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارتی شاعر کی جانب سے دیئے گئے پاکستان سے متعلق متنازع بیان کی اصل حقیقت بیان کی۔

انہوں نے کہا کہ میں فن اور فنکار کو الگ الگ دیکھتا ہوں، میرے نزدیک جاوید اختر نے جو کچھ کہا اس کا ان کے کام سے کوئی تعلق نہیں، مجھے اب بھی ان کے گانے ویسے ہی پسند ہیں، جیسے پہلے پسند تھے۔

یاسر حسین نے کہا کہ جاوید اختر نے بے شک احمقانہ بات کی تھی لیکن انہوں نے یہ بات انتہائی دباؤ میں کی کیونکہ انہیں پتا تھا کہ انہیں واپس بھی جانا ہے، بھارت سیکولر ملک نہیں ہے، وہاں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہوتا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

جاوید اختر نے ایسی باتیں کرکے بھارت جیسے ملک میں حقیقتاً اپنی اور اپنے بچوں کی زندگی آسان کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ انہوں نے ایسا بیان جان بوجھ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں لاہوریوں کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے وہ تالیاں بجائیں، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ لاہوری بہت مہمان نواز ہوتے ہیں۔ پاکستان میں مہمان کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جاتی جیسے بھارت کا سیوہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فیض فیسٹیول میں جاوید اختر نے الزام لگایا تھا کہ ممبئی حملوں کے دہشت گرد پاکستان میں گھوم رہے ہیں اور اس پر انہیں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں