عالمی شہرت کی حامل پاکستانی اداکارہ سجل علی نے سوشل میڈیا پر مبہم پیغام شیئر کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے نفرت اور دھوکا دینے والوں کے حوالے سے مبہم پیغام شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے مختلف انسٹا اسٹوری شیئر کی ہیں۔ ایک انسٹا اسٹوری میں انہوں نے محبت میں چھوڑ کے جانے والوں کو نہ روکنے کا مشورہ دیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹااسٹوری میں پوسٹ شیئر کی جس پر درج ہے کہ ’مت روکیں، جانے والے کو مت روکیں، انہیں راستہ دیں، ہوسکے تو دھکا بھی دیں اور لات بھی مار دیں‘۔
سجل علی نے ساتھی اداکارہ سونیا حسین کے حالیہ انٹرویو سے ایک کلپ بھی شیئر کیا اور ان سے اتفاق کیا ہے۔
مذکورہ انٹرویو کلپ میں میزبان محبت سے متعلق سونیا حسین سے ماضی کے ایک بیان پر وضاحت طلب کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہی نفرت سے متعلق ان کے خیالات جاننے کی کوشش کرتا ہے۔
سونیا حسین میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتاتی ہیں کہ ماضی کا بیان 6 برس قبل دیا تھا، اب ایسا نہیں سوچتی بلکہ محبت پھر ہوسکتی ہے جبکہ نفرت وقتی ہوتی ہے، کوئی شخص کچھ وقت کے لیے برا لگ سکتا ہے، اس کی بات بری لگ سکتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا ہے جس شخص نے زندگی میں کبھی کسی سے محبت کی ہو وہ نفرت کرنا جانتا ہوگا۔
سجل علی نے ساتھی اداکارہ سونیا حسین کی اس بات سے اتفاق کیا اور لکھا کہ ’واہ، میں متفق ہوں‘۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ ریشم نے سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق سے متعلق گردشی خبروں کی تصدیق کی تھی۔