لاہور:
تفصیلات کے مطابق پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ میرے لیے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ وابستہ ہونا عزت کی بات ہے،بچپن میں ہر وقت یہی جذبہ ہوتا تھا کہ ملک کے لیے کھیلنا اور خدمات انجام دینا ہیں، اب ایک بار پھر وہی جذبہ تھا کہ گراؤنڈ کے باہر رہ کر پاکستان کیلیے کچھ کرنا ہے، اب یہ موقع ملا ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ دوبارہ ملکی کرکٹ کے ساتھ منسلک ہوگیا۔
’’دوسرا‘‘ کے موجد سابق آف اسپنر نے کہا کہ پلیئرز ڈیولپمنٹ کے لیے ایک اچھا ویڑن بنایا گیا ہے،ہمیں گراس روٹ لیول سے کرکٹرز کو اوپر لانا اور پہلے سے موجود کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، انھیں ورلڈ کلاس کیٹیگری میں لانا اور برانڈ میں تبدیل کرنا ہے تاکہ پاکستان ٹیم ورلڈ نمبر ون بنے اور اس کا دنیائے کرکٹ پر غلبہ ہو۔
پہلے ہمیں ورلڈ کلاس قرار دیا گیا تھا اب ہمیں نوجوانوں کو یہی لیبل دینا اور نمبرون بنانا ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں اور نہ راتوں رات ہو گا، اس کے لیے وقت درکار ہے، ہم جادوگر نہیں ہیں لیکن ہمیں ایک ویڑن کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، پلیئرز کو گراؤنڈ کے اندر کھیلنے کے لیے جسمانی ہی نہیں بلکہ دماغی طور پر بھی مضبوط کرنا ہوگا،میں اپنے شعبے یعنی اسپن کو تو اہمیت دوں گا لیکن ایسا نہیں ہے کہ دیگر شعبوں کو نظر انداز کردوں، ہمیں متبادل کھلاڑی بھی تیار کرنا ہیں۔