جہاں پاکستان کے نامور اداکار ایک کے بعد ایک اپنا یوٹیوب چینل لانچ کررہے ہیں وہیں ٹی وی ڈراموں کے بعد اب ویب سیریز کے ٹرینڈ میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
نامور اداکارہ ثروت گیلانی بھی ایک ویب سیریز کا حصہ بننے جارہی ہیں جس کا ٹائٹل ‘ارپیتا’ رکھا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ یوٹیوب پر موجود ناشپاتی پرائم چینل کی جانب سے بنایا جارہا ہے، جس میں ثروت گیلانی کے ہمراہ یاسریٰ رضوی، زین افضل اور خالد نظامی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ ‘میں اس ویب سیریز میں جینی نامی مسیحی لڑکی کا کردار نبھارہی ہوں، یہ ویب سیریز ڈراؤنی کہانی پر مبنی ہے، جو کافی دلچسپ بھی ہے’۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات کی ویب سیریز سامنے آگئی
ثروت گیلانی نے اپنی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘نیا کردار، نئی ویب سیریز اور میرے والد کی پرانی گھڑی’۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس پروجیکٹ کے حوالے سے ابھی زیادہ تفصیلات تو نہیں بتاسکے گی البتہ اس کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال جنوری سے ہوگا۔
یاسریٰ رضوی کا اس ویب سیریز کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسے قیصر علی تیار کررہے ہیں جبکہ نوجوان ڈیجیٹل فلم سازوں کی ایک ٹیم اس پر کام کررہی ہیں۔