بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے تیمور علی خان کو صرف دو برس کی عمر میں بھاری معاوضے پر فلم میں کاسٹ کر لیا گیا۔
تیمور علی خان اپنی پیدائش کے بعد سے ہی خبروں میں ہیں اور سوشل میڈیا پر تیمور کی تصاویر اور ویڈیوز کو مداح بے حد پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے چاہنے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جوڑے کے 2 سالہ بیٹے کو کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں کاسٹ کر لیا گیا ہے جس میں وہ اپنی والدہ کرینہ کپور اور اکشے کمار کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اکشے کمار اور کرینہ کپور کی فلم ’گڈ نیوز‘ کیلئے ننھے بچے کی تلاش تھی جس پر تیمور علی خان کو ہی فلم میں کاسٹ کیا گیا اور ان کا کردار اکشے اور کرینہ کے بیٹے کا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیمور علی خان کا فلم میں کردار 10 منٹ کا ہوگا جس میں سے بیشتر حصہ فلمایا بھی جا چکا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تیمور علی خان کو بطور چائلڈ اداکار پہلی فلم کیلئے معاوضہ ایک کروڑ بھارتی روپے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فلم ’گڈ نیوز‘ میں اکشے کمار، کرینہ کپور کے علاوہ دلجیت دوسانج، کیا ایڈوانی جلوہ گر ہوں گی اور یہ فلم رواں سال 6 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔