’تیرے بن‘ میں انٹری پر ٹرولنگ کا سامنا کیا، عاصم محمود

’تیرے بن‘ میں انٹری پر ٹرولنگ کا سامنا کیا، عاصم محمود


جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں حال ہی میں انٹری دینے والے اداکار عاصم محمود کا کہنا ہے کہ ’تیرے بن‘ میں میری انٹری پر مذاق اُڑایا گیاتاہم توقع کے مطابق اب اسے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

حال ہی میں ویب شو میں بطور مہمان شریک ہونے والے اداکار عاصم محمود نے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں اپنے کردار اور مداحوں کے ردعمل (فیڈبیک) کے حوالے سے بات کی اور خوشی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ عاصم محمود ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں ایک نرم دل پختون کنڈکٹر اور رکشہ ڈرائیور کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ڈرامے میں ان کے پختون لب و لہجے اور ڈائیلاگ ڈیلیوری کو بےحد پسند اور سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ جب سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ جلد ہی ڈرامے میں نئے کردار ’فرخ خان‘ کی انٹری ہونے والی ہے تو اس کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ یہ کوئی شاہانہ کردار ہوگا، کوئی ڈاکٹر یا وکیل ہوگا کیونکہ ڈرامے میں اب تک سب کچھ بہت پُرتعیش دکھایا گیا تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی ’فرخ خان‘ کی انٹری ہوئی تو لوگوں نے کافی مذاق اُڑایا مجھے بھی ٹرول کیا گیا کہ میں ایک کنڈکٹر بن گیا ہوں، لوگوں نے حقیقت اور ڈرامے کے کردار میں کوئی فرق نہیں رکھا اور ٹرول کرنا شروع کر دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والے ٹرولنگ کے حوالے سے کہا کہ ’ڈرامے کے ایک سین کی وجہ سے بھی تنقید ہوئی کہ اگر بس مسافر کے پاس کرائے کے پیسے نہیں ہیں تو اسے بس سے اُتار دیا یا اس کی سونے کی چین رکھ لی وغیرہ وغیرہ‘۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ صرف ایک کردار ہے اور ایک بس کنڈکٹر ایسا ہی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامے میں آگے چل کر جب اس بس کنڈکٹر نے رات کو رکشہ چلاتے ہوئے میرب کی مدد کی ، اس کی جان بچائی تو لوگوں نے اسے پسند کرنا شروع کر دیا۔

انہوں نے اس ڈرامے کے سین کا موازنہ اپنے پرانے ڈرامے ’رنگ محل‘ سے کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بھی ان کے کردار کو ابتداً منفی تاثر موصول ہورہے تھے اور جب وہ ہی کردار کمپنی کا سی ای او بن گیا تو تعریفیں ہونے لگیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کی اداکاری اور کردار کی تعریفیں صرف مداحوں کی جانب سے نہیں ہو رہیں بلکہ ساتھی فنکار سمیع خان اور سلیم شیخ نے بھی انہیں خصوصاً فون کرکے بہت سراہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں