’توہین آمیز مواد‘ نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ

’توہین آمیز مواد‘ نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ


پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کی سروسز 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کردی گئی ہیں۔

پی ٹی اے کی طرف سے جاری بیان میں ٹیلی کام ریگیولیٹر نے کہا کہ قابل اطلاق قانون اور عدالتی حکم کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے وکی پیڈیا سے توہین آمیز مواد ہٹانے یا منسوخ کرنے کے لیے رابطہ کیاگیا تھا۔

پی ٹی اے نے کہا کہ وکی پیڈیا کو سماعت کا موقع بھی دیا گیا تھا مگر اس نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹایا اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔

ریگیولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ پی ٹی اے کی ہدایات کی تعمیل میں پلیٹ فارم کی جانب سے جان بوجھ کر ناکامی کے پیش نظر توہین آمیز مواد ہٹانے کی ہدایات کے ساتھ ملک میں 48 گھنٹوں کے لیے وکی پیڈیا کی سروسز کو ڈی گریڈ کیا گیا ہے۔

ریگولیٹر نے خبردار کیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں وکی پیڈیا کو ملک میں بلاک کردیا جائے گا اور رپورٹ کردہ غیر قانونی اور توہین آمیز مواد ہٹانے کی شرط پر اس کی سروسز بحال کردی جائیں گی۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کے خلاف توہین آمیز مواد پر نوٹس لیا ہو، دسمبر 2020 میں بھی گوگل اور وکی پیڈیا کو توہین آمیز مواد کے خلاف نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں