کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ میری پرفارمنس اچھی نہیں ہوئی، ماضی میں ہر سال اچھا رہا تھا مگر اس بار ایسا نہ ہوسکا۔
پشاور زلمی کے ہاتھوں میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ توقعات کے مطابق پرفارمنس نہ دے سکا، ٹیم نے کافی کلوز میچز کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ بیچ میں پلیئرز بیمار ہوئے اس دوران ہمارے تین گیم ہوئے جس سے فرق پڑا، قریبی میچز ہوئے جس میں نتیجہ کچھ بھی ہوسکتا تھا۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ اس بار پی ایس ایل میں نئے بیٹرز بھی سامنے آئے ہیں، اس سال کراچی کی ٹیم میں کافی تبدیلیاں ہوئیں، ہم نے تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کا مجموعہ بنایا تھا۔
کپتان کراچی کنگز شاداب خان کے ساتھ تکرار کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے وائیڈ واپس لینے کے لیے ری ویو لیا تھا، میں جب امپائر سے بات کررہا تھا تو شاداب نے کہا وقت ختم ہوگیا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ شاداب کی بات پر اس کو کہا کہ آپ میچ کھیلو، امپائرنگ مت کرو، حارث کے فیصلے پر بھی صرف وضاحت چاہی تھی۔