کراچی:
رواں مالی سال کے دوران مسلسل تیسرے مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست میں تارکین وطن نے 2.09 ارب ڈالر بھیجے۔ یہ رقم اگرچہ جولائی ( 2.77 ارب ڈالر ) کے مقابلے میں کم ہے، تاہم گذشتہ مالی سال کے اسی مہینے کی نسبت 24.4فیصد زیادہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اگست میں بھی تارکین وطن کی ترسیلات زر مضبوط اور 2 ارب ڈالر سے اوپر رہیں جو بینک کی توقعات کے عین مطابق ہے۔ جون سے پہلے ترسیلات زر کا ماہانہ حجم مسلسل 5 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے کم رہا۔
مرکزی بینک کے مطابق پاکستان ریمیٹینسز انیشی ایٹیو( پی آر آئی ) کے تحت اقدامات اور بتدریج مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا کی مارکیٹوں کے کھلنے سے ترسیلات زر میں بہتری آئی۔
بی ایم اے کیپیٹل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سعدہاشمی نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدین کے زمانے میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوجاتا ہے جیسا کہ جون اور جولائی میں ہوا اور پھر اس کے بعد ان میں کمی آنے لگتی ہے جس کا ثبوت ہمیں اگست میں ترسیلات زر کے حجم سے ملا۔