ڈوبتے کراچی کی صورتحال پر پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے صوبائی حکومت پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے بارش کے باعث ہونے والی کراچی کی صورتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کا علاج کرتی نہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے غصے سے کہا کہ خدارا کراچی پر رحم کریں، کراچی بیمار ہوگیا ہے لیکن اس کے اچھے ڈاکٹر ہم موجود ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی حکومت بیان دیتی ہے لیکن عمل نہیں کرتی، کراچی کے عوام اتنے مایوس کسی دور میں نہیں ہوئے جتنے موجودہ دور حکومت میں ہوئے ہیں، ہمیں سمجھ نہیں آرہا کہ ہمارے مسائل کون حل کرے گا؟
چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ کرا چی میں نہ بجلی ہے، نہ پانی، ذرا سی بارش پر پورا شہر تباہ ہو گیا، اس شہر کی کوئی داد رسی نہیں کر رہا، یہ جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کے پاس اختیارات نہیں ہیں جب کہ ان کے پاس اتنے اختیارات ہیں کہ کچرہ اُٹھا سکیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت کہتی ہے کہ سندھ کی تقسیم نا منظور ہے اور ہمیں بھی سندھ کی تقسیم منظور نہیں مگر کراچی کے لوگوں میں محرومیاں بڑھ رہی ہیں، لوگ پریشان ہیں کہ کس سے فریاد کریں کیوں کہ کراچی کے لوگوں کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔
مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے کہتی ہے سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کرو، ہم نے بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف بات کی ہے مگر سندھ حکومت خود ہی کراچی کو تقسیم کر رہی ہے۔