وفاق وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر سیاسی دشمنوں کو بلا کر سیاسی اکھاڑا بنایا گیا، ’ہمارے خیال ہے کل بے نظٰیر بھٹو کو حقیقی معنوں میں مار دیا گیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جو سیاسی پارٹیاں بے نظیر اور ان کے والد کے لیے اذیت کا باعث بنیں وہ آج بغل گیر ہیں۔
انہوں نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ اپوزیشن جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والی حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کے لیے کوشاں ہیں۔
نواز شریف کے لیے بھی پاکستان کے دروازے بند ہوچکے ہیں، فیصل واڈا
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے بھی مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فیصل واڈا نے کہا کہ مریم نواز نے جو رونا دھونا مچایا ہوا ہے لیکن جمہوریت کے لیے ان کی قابلیت صفر ہے، جو لوگ مریم نواز کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہیں وہ کیا پیدا ہی غلام ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ الیکشن چوری ہوئے، ڈھائی سال بعد آپ کو یہ خیال آیا، آپ الیکشن کمیشن کیوں نہیں گئے کوئی ثبوت کیوں نہیں دیے؟۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کہتے ہیں کہ پاشا صاحب نے پاکستان کا کچرا جمع کرکے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بنائی، یہ بتانا بھول گئیں کہ ضیاالحق نے انہیں سیاست میں لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے لیے پاکستان کے دروازے بند ہونے کا تذکرہ کیا گیا جبکہ میں بتانا چاہوں گا کہ نواز شریف کے لیے بھی پاکستان کے دروازے بند ہوچکے ہیں۔
فیصل واڈا نے کہا کہ سلام ہے ان عدالتوں پر جنہوں نے پروز مشرف کو سزا دی تو کیا سلام ان عدالتوں پر نہیں جنہوں نے آپ کے والد کو اور ٓپ کو سزا سنائی اور آپ کے پورے خاندان کو مفرور قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان فوج کے پیچھے چھپ جاتے ہیں، آج آرمی چیف کو برا بھلا کہہ رہے ہیں جبکہ انہیں آپ نے خود تعینات کیا تھا‘۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی او ڈی میں جب بینظیر بھٹو سے ملاقات ہوئی تو میں ان کے خاندان کا حصہ بن گئی تھی، سی او ڈی میں بھی نواز شریف نے الیکشن بائیکاٹ کرکے پیپلز پارٹی کی پیٹھ پر چھرا گھونپا تھا۔
پیپلز پارٹی کیلئے شرمندگی اور مسلم لیگ (ن) کیلئے عبرت کا مقام تھا، فواد چوہدری
علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما کو بلانا پیپلز پارٹی کے لیے شرمناک اور مسلم لیگ (ن) کے لیے عبرت کا مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی میں مارشل لا پر مٹھائی تقسیم کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن) پیش پیش تھی اور جب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی تو مسلم لیگ (ن) تب بھی مٹھائی تقسیم کررہی تھی۔