بے زبان جانوروں پر ظلم کی ویڈیو دیکھ کر جنید نیازی بلک بلک کر رودیے

بے زبان جانوروں پر ظلم کی ویڈیو دیکھ کر جنید نیازی بلک بلک کر رودیے


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ابھرتے ہوئے اداکار جنید نیازی ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور جانوروں کے ساتھ ظالمانہ رویے کے خلاف بول پڑے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر جنید نیازی نے جذبات سے بھرا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض مواد پر مبنی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بلی کو پہلے بلینڈ اور پھر مائیکرو ویو اوون میں ڈال کر جان سے مار دیا جاتا ہے۔

قابل اعتراض مواد پر مبنی اس ویڈیو کلپ پر اچانک نظر پڑنے پر اداکار جنید نیازی اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے اور روتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

مذکورہ ویڈیو میں جنید نیازی کو یہ کہتے ہوئے دیکھا اور سننا جاسکتا ہے کہ میں شوٹنگ سے واپس آیا اور سوشل میڈیا استعمال کررہا تھا، ریلز دیکھتے ہوئے میرے سامنے ایک ویڈیو آئی، مجھے لگا بلیوں کی عادت ہوتی ہے چھپ کر بیٹھنے کی تو یہ بلی بھی اسی طرح چھپ کر بیٹھی ہوگی، لیکن نہیں۔

اداکار جنید نیازی اپنا جملہ مکمل کرتے کرتے بلک بلک کر رو دیئے اور کہنے لگے کہ آگے کے مناظر انتہائی درد ناک تھے ، اس کی جان لے لی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم انسان اس قدر بے حس ہوچکے ہیں کہ انسانوں کو تو مارتے ہی ہیں اب ایک معصوم بے زبان بلی کو بھی نہ چھوڑا، اس کا کیا قصور ہے، ہمیں نے اپنی تسکین کے لئے جانوروں کو بھی نہیں چھوڑا۔

خیال رہے کہ قابل اعتراض مواد پر مبنی مذکورہ ویڈیو کی حقیقت کے حوالے سے کوئی مصدقہ رپورٹس سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بلی کو قتل کرنے والے شخص کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں