ہالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار لیئم نیسن جیمز بونڈ کا کردار کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی اہلیہ نے انہیں ایسا نہیں کرنے دیا۔
ایک انٹرویو میں لیئم نے بتایا کہ میں جاسوس کا کردار ادا کرنے کی ابتدائی بات چیت کر رہا تھا کہ اہلیہ نتاشا رچرڈسن نے کہا کہ اگر تم نے یہ پیشکش قبول کی تو میں تمہیں چھوڑ دوں گی۔
اس طرح یہ کردار ڈینیئل کریگ کے پاس چلا گیا، لیئم نے بتایا کہ انہیں پروڈیوسر باربرا بروکولی نے 1990 کی دہائی میں کئی بار رابطہ کیا تھا کہ وہ جیمز بانڈ 007 کا کردار ادا کریں۔
یہ وہ زمانہ تھا جب لیئم نیسن ’شنڈلرز لسٹ‘ کی وجہ سے آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئے تھے۔
لیکن ان کی اہلیہ نے ایسا الٹی میٹم دیا کہ وہ جیمز بانڈ نہ بن سکے۔
لیئم نے کہا کہ میرا خیال ہے نتاشہ کو یہ خدشہ تھا کہ فلم میں جیمز بانڈ کے بہت سے معاشقے ہوں گے جس میں ممکنہ طور پر میرا کسی اداکارہ سے اچھا تعلق بن جائے گا اس لیے اس نے مجھے منع کیا۔
خیال رہے کہ جیمز بانڈ کا کردار ڈینیئل کریگ نے بخوبی نبھایا، انہوں نے اس سیریز کی 5 فلموں میں اداکاری کی، آخری فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ 2021 میں ریلیز ہوئی تھی۔