بیٹے کا انتقال ہوا تو اہلیہ مردہ بچہ دینے کو تیار نہ تھیں، ببرک شاہ

بیٹے کا انتقال ہوا تو اہلیہ مردہ بچہ دینے کو تیار نہ تھیں، ببرک شاہ


ماضی کے مقبول اداکار، گلوکار و موسیقار ببرک شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل جب ان کے کم سن بیٹے کا انتقال ہوا تو ان کی اہلیہ مردہ بچہ دینے کو تیار نہ تھیں، انہوں نے زبردستی بچے کی لاش اہلیہ کی گود سے نکالی۔

ببرک شاہ حال ہی میں وصی شاہ کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی سے قبل ان کے بہت سارے افیئرز رہے، ان کی متعدد لڑکیوں سے دوستی رہی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ جب بھی کسی لڑکی سے شادی کرنا کا سوچتے تھے تو انہیں ہر لڑکی میں اچھی گرل فرینڈ تو نظر آتی تھی لیکن اچھی اہلیہ دکھائی نہیں دیتی تھی، اس لیے انہوں نے اپنی کسی بھی گرل فرینڈ سے شادی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ایک مداح لڑکی سے شادی کی اور شروع میں انہیں مشکلات پیش آئیں لیکن شادی کے بعد ان کی زندگی یکسر تبدیل ہوگئی جب کہ بچوں کی پیدائش کے بعد وہ مکمل طور پر بدل گئے۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کی مشترکہ فلم میں کام کرنے کے دوران انہیں بھارتی اداکارہ سے محبت ہوگئی تھی اور دونوں شادی کا ارادہ بھی رکھتے تھے لیکن پھر انہوں نے سنجیدگی سے غور کیا تو انہیں یہ محسوس ہوا کہ بھارتی شخص کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل ہوجائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ببرک شاہ نے بتایا کہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل ترین لمحہ ان کے بچے کی موت تھی اور وہ اسے کبھی نہیں بھلا سکیں گے، انہوں نے خود بیٹے کو غسل دے کر اس کی تدفین کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا چار سال کی عمر سے قبل پانی میں ڈوب کر فوت ہوا تھا اور ان کی اہلیہ کو سب سے زیادہ صدمہ رسا تھا۔

ببرک شاہ کے مطابق بیٹے کی موت کے بعد ان کی اہلیہ نے مردہ بچے کو گود میں اٹھاکر رکھ لیا اور وہ کسی بھی حالت میں بچے کی لاش دینے کو تیار نہ تھیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ تین چار گھنٹوں تک وہ اہلیہ سے مردہ بچے کو لینے کی کوشش کرتے رہے لیکن ناکام ہونے پر انہوں نے زبردستی اہلیہ کی گود سے مردہ بچہ اٹھایا اور اسے غسل دینے کے بعد خود اپنے ہاتھوں سے اس کی تدفین کی۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹے کی موت کا صدمہ وہ زندگی بھر نہیں بھلا سکیں گے، ان سمیت ان کی اہلیہ اور ان کا بیٹا بھی افسردہ رہتے ہیں لیکن وہ اہلیہ اور بیٹے کی ہمت بڑھانے کے لیے گھر میں کبھی اداس نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کے سامنے روتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں