نئی دلی:
بھارت میں بیوی کو ملازمت سے برخاست کرانے کے لیے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرنے والے شوہر کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونے کے تاجر 38 سالہ برجو سلا کو مقامی عدالت نے طیارہ ہائی جیک کرنے کی سازش کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ برجو سلا نے اپنی دوسری بیوی جو کہ ایئر ہوسٹس تھی کو ملازمت سے برخاست کرانے کے لیے ہائی جیکنگ کا ڈرامہ کیا تاکہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکے۔
عدالت نے ملزم کی حرکت کو انتہائی غیرسنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حرکت سے طیارے میں موجود عملے اور مسافروں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی تھی اور طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی جب کہ ایئرپورٹ پر تمام حساس اداروں کو الرٹ کردیا گیا تھا۔
قبل ازیں پولیس نے عدالت کو بتایا کہ طیارے کے باتھ روم سے ملنے والے دھمکی آمیز خط کی سیاہی ملزم کے آفس کے پرنٹرکی سیاہی سے میچ کرگئی ہے جب کہ ملزم کے لیپ ٹاپ سے دھمکی آمیز پیغام کی اردو ٹرانسلیشن گوگل سے کرنے کے شواہد مل گئے ہیں۔
دھمکی آمیز خط میں لکھا گیا تھا کہ ’طیارے کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے اس لیے طیارے کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد لے چلو اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دہلی ایئرپورٹ میں نصب بموں کو دھماکے سے اڑادیا جائے گا۔ اللہ اکبر‘۔ تاہم پائلٹ نے طیارے کو ایئرپورٹ اتار لیا۔
ملزم اس طیارے میں کئی بار سفر کر چکا تھا اور اسی دوران ایئرہوسٹس سے ملاقات ہوئی جو پہلے دوستی اور پھر شادی میں تبدیل ہوگئی تاہم اہلیہ ساتھ رہنے کے بجائے جاب کو فوقیت رکھتی جس کے باعث اپنی بیوی کی جاب ختم کرانے کے لیے یہ مضحکہ خیز ڈرامہ کیا