بیروت پراسرائیلی حملہ؛ جوبائیڈن کا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کو تیار رہنے کا حکم


  واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے مشرق وسطٰی میں موجود امریکی فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد  امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے جاری بیان میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں پینٹاگون کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فورسز کی پوزیشنز کا جائزہ لیا جائے اور انہیں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ اورتیار رکھا جائے۔امریکی فوج اور امریکی مقاصد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

صدر بائیڈن نے خطے میں امریکی سفارت خانوں کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ جتنا اور جیسا مناسب سمجھیں حفاظتی اقدامات کریں ۔ امریکی صدر کو ریاست ڈیلاویئر میں بیچ ہاؤس پر قومی سلامتی کی ٹیم نے مشرق وسطٰی کی صورتحال پرمتعدد  بار بریفنگ دی۔ اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا کو اسرائیل کی کارروائی کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس کارروائی میں شریک تھا۔ تمام صورتحال کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں