پاکستان کے سابق اداکار حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال اداکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔
اس اعلان کے بعد سے حمزہ علی عباسی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسی ہی پوسٹ شیئر کرتے نظر آئے جن کے ذریعے وہ مداحوں کو اسلامی تعلیمات کی جانب راغب کرسکیں۔
اور اب انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کرکے مداحوں کو بتایا کہ وہ پہلے سے کافی بدل چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اپنے کیریئر کے آغاز سے حمزہ علی عباسی کافی بےباک اور صاف گو رہے ہیں جبکہ وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ہر قسم کے موضوع پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتے آرہے ہیں۔
تاہم اب ان کے مطابق وہ کافی بدل چکے ہیں اور اس تبدیلی کی وجہ اللہ سے ان کی قربت ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’پہلے میں بہت بےباک تھا، اونچی آواز میں بات کرتا تھا، لیکن جب سے اللہ سے قریب ہوا یہ سب کچھ ختم ہوگیا’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اب میں کانپتا ہوں اور کچھ بھی بولنے یا لکھنے سے قبل لاکھوں دفعہ سوچتا ہوں، جانتا ہوں تمام بادشاہوں کا بادشاہ میرا حساب کتاب کرے گا، میرا مالک، میرا خدا، میرا اللہ‘۔
یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال سابق اداکارہ نیمل خاور خان کے ساتھ شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا تھا۔
یہ دونوں مداحون کے لیے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ کئی رومانوی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔
رواں سال حمزہ علی عباسی نے ٹوئٹر پر مداحوں کو واضح کیا تھا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی نہیں بلکہ صرف دوری اختیار کی ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ‘میں نے صرف ایک طویل بریک لیا ہے تاکہ میں اپنے دین کے لیے وقت نکال سکوں، امید ہے میں پروجیکٹس بنانے کے ساتھ ایسے پروجیکٹس میں اداکاری بھی کروں جو ان حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے گئے ہوں جو اللہ نے ہمارے لیے طے کیں’۔
ان کی فلم ’دی لیجنڈز آف مولا جٹ‘ کی ریلیز رواں سال متوقع ہے۔
اس فلم میں حمزہ علی عباسی نوری نت نامی منفی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔