بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے مفرور سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے حوالے سے کہا ہے کہ انہیں بھارت میں چپ رہنا ہوگا۔
بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ڈھاکا میں اپنی سرکاری رہائشگاہ پر انٹرویو میں محمد یونس نے کہا ہے کہ اگر بھارت شیخ حسینہ کو اس وقت تک اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے، جب تک کہ بنگلہ دیش حکومت انہیں واپس نہیں بلاتی، تو شرط یہ ہوگی کہ حسینہ کو خاموش رہنا پڑے گا۔
عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا کہ بنگلہ دیش ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، لیکن نئی دہلی کو اس سوچ اور بیانیے سے ہٹ جانا چاہیے یہ کہ ملک شیخ حسینہ کے بغیر افغانستان جیسا ہو جائے گا۔
بھارت میں ان کی جانب سے دیے گئے بیانات سے یہاں کوئی بھی متفق نہیں ہے۔ وہ وہاں بیٹھ کر ایسے بیانات دے رہی ہیں، جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اگر وہ خاموش رہتیں، تو ہم انہیں بھول جاتے۔ لیکن وہ ہندوستان میں بیٹھ کر مسلسل بول رہی اور ہدایات دیے جا رہی ہیں، جو یہاں کسی کو پسند نہیں آ رہا۔
ان کا واضح طور پر کہا کہ حسینہ واجد کے یہ متنازع بیانات دونوں ممالک کے لیے اچھے نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ حسینہ واجد گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں عوامی انقلاب کے بعد 16 سالہ اقتدار اور وطن چھوڑ کر اپنے دوست ملک فرار ہو گئی تھیں اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔