چینی موبائل کمپنی ویوو نے کم قیمت اور بہترین اپگریڈ کیمرا ٹیکنالوجی کے حامل ’وائے 15 سی‘ کو طاقتور بیٹری کے ساتھ پاکستان میں متعارف کرادیا۔
’ویوو وائے 15 سی‘ کو دیگر ممالک می پہلے ہی پیش کیا گیا تھا اور اسے اب پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔
چینی کمپنی کے مذکورہ فون کو مہنگائی کے اس دور میں کم قیمت پر اچھا فون قرار دیا جا رہا ہے، جس میں کمپنی نے طاقتور ترین 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سے 17 گھنٹے تک لگاتار ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں جب کہ 8 گھنٹے تک ویڈیو گیم کھیلا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے موبائل میں گیم کی ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کیا ہے جب کہ اس میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے۔
8۔6 انچ اسکرین کے حامل فون کی اسکرین ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کردیا گیا ہے اور اس میں کلرز سمیت روشنی کے معیار اور ویڈیو کوالٹی کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
فون کو 4 جی بی ریم اور 64 جی بی میموری اور طاقتور چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اسے سلم ڈیزائن میں پیش کیا گیا ہے۔
فون کے بیک پر دو کیمرا دیے گئے ہیں جن میں سے مین کیمرا 13 میگا پکسل جب کہ دوسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا میکرو کیمرا ہے، جس میں ایسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو انتہائی دور سے نظر آنے والی چیزوں کو بھی زوم کرکے بہترین کوالٹی کی تصاویر لینے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
موبائل کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جب کہ اس میں اینڈرائڈ 12 کا آپریٹنگ سسٹم اور میڈیا ٹیک ہیلیو پی 35 کی چپ دی گئی ہے۔
’ویوو وائے 15 سی‘ فور جی سپورٹنگ موبائل ہے اور اسے 32 ہزار روپے کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔