بھارت: 15 خواتین کے ساتھ شادی کر کے نازیبا ویڈیو بنانے والا شخص گرفتار


اوڈیسہ: بھارت میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 15 خواتین کے ساتھ شادی کر کے نازیبا ویڈیو بنانے کے بعد بلیک میل کرنے والے شخص کو اوڈیسہ سے گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 43 سالہ بِرانچی نارائن ناتھ (جس کی پہلی اہلیہ اور دو بچے اَنگُل میں رہتے ہیں) شادی کرانے والی ویب سائٹس پر ریلوے افسر، انکم ٹیکس افسر اور کسٹم افسر کے طور پر جعلی پروفائلز پیش کر کے بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین سمیت عورتوں کو ہدف بناتا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت اجاگر ہوا جب کٹک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے گزشتہ ہفتے بِرانچی ناتھ کی جانب سے بلیک میل کیے جانے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا۔

خاتون کے شوہر 2022 میں ایک روڈ حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے اور انہوں نے 2023 دوبارہ گھر بسانے کی غرض سے  شوہر کی تلاش شروع کی اور اس ہی دوران انہیں بِرانچی کی جانب سے رشتہ موصول ہوا۔ اس وقت انہوں خود کو ٹی ٹی ای (ٹکٹ چیک کرنے والا) ظاہر کیا اور پرواکرشریواستو نام استعمال کیا۔

بھارتی پولیس کی کرائم برانچ کے ایک سینئر افسر کے مطابق بِرانچی نے بتایا کہ اس کی بیوی مر گئی ہے۔ وہ اکتوبر 2023 میں خاتون کے گھر والوں سے ملا اور ان کو شادی کے لیے راضا مندی پر زور دیا۔ جب متاثرہ کے خاندان نے فیصلے کے لیے کچھ وقت مانگا تو اس نے خاتون کو مسلسل کال کرنا شروع کی اور جذباتی طور پر پھنسا لیا۔

ویڈیو کال کے دوران بِرانچی نے خاتون کی نازیبا ویڈیو بنائیں اور پانچ ماہ تک جسمانی اور مالی استحصال کیا۔ اس نے بلیک میل کر کے خاتون سے تقریباً پانچ لاکھ بھارتی روپے اور 32 گرام سونا بھی اینٹھا۔

سینئر افسر نے بتایا کہ دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ اس نے متعدد ریاستوں میں کئی خواتین کے ساتھ دھوکا دہی کی ہے۔ اس کے فون ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی تقریباً 15 خواتین اس کے جھانسے میں پھنسیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں