بھارت کا اینٹی سٹیلائٹ مشن خطرناک اور ناقابل قبول ہے: ناسا چیف


امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے نیشنل ایرونوٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے چیف جم برڈنسٹن نے بھارت کی جانب خلا میں سیٹیلائٹ کو نشانہ بنانے اور گند پھیلانے کو خطرناک اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 27 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ بھارت نے اینٹی سیٹیلائٹ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے اور میزائل کے ذریعے خلا میں سیٹیلائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

نریندر مودی نے اس خلا میں سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے مشن کو ‘شکتی مشن’ کا نام دیا تھا۔

ناسا چیف نے بھارت کے تجربے پر ناسا ٹاؤن ہال میں میٹنگ کے دوران کہا کہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں 400 ٹکڑے دیکھیں گئے ہیں جس میں 60 بڑے ٹکڑے بھی شامل ہیں جب کہ 24 ایسے ٹکڑے ہیں جو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے بھی بڑے ہیں۔

جم برڈنسٹن نے کہا کہ یہ انتہائی خطرناک چیز ہے کہ زمین سے دور خلا میں ملبے کے ڈھیر بنادیے جائیں، زمین کے گرد مدار میں پھیلنے والے ملبے کو واپس لانا ممکن نہیں، اس قسم کا اقدام خلا میں انسانوں کے لیے باعث خطرہ ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔

ناسا ٹی وی پر ٹاؤن ہال میٹنگ براہ راست دکھائی گئی جس میں ناسا چیف کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات مستقبل میں انسانوں کو خلا میں لے جانے کے منصوبے کے لیے مناسب نہیں، اگر کوئی ایک ملک ایسا اقدام کرے گا تو دیگر ممالک کو بھی اس کا جواز ملے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں