بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی معیشت کا جنازہ نکال دیا: شاہ محمود قریشی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔

کراچی میں صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کے باعث مقبوضہ کشمیر کی معیشت کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے جب کہ 6 ماہ میں 4 لاکھ افراد بے روزگار بھی ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات کے باعث بھارت میں بھی معاشی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، خدشہ ہے بھارت اندرونی مشکلات سے توجہ ہٹانے کے لیے پلوامہ جیسا ناٹک رچا سکتا ہے اور فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔

تاجروں کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا خواہش ہے کہ اقتصادی ڈپلومیسی کے ذریعے تاجروں کی خدمت کر سکیں، جائزہ لیں گے تاجروں کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکنامک ڈپلومیسی میری ترجیح ہے، وزارت خارجہ کے دروازے کھلے ہیں تاجر آئیں اور پارٹنر شپ کریں۔

پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو روپے کا برا حال ہوتا

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانوں کو ملکی کاروباری برادری سے تعلق بڑھانا ہو گا، ڈیڑھ برس پہلے صورتحال کیا تھی میکرو اشاریے جھوٹ نہیں بول سکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ تاجر ترقی کا انجن ہیں، افریقا میں پاکستان کی تجارت صرف ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، فیصلہ کیا ہے کہ افریقا میں نئے مشن کھولیں گے اور کچھ کو اپ گریڈ کریں گے، کینیا میں پاکستان نے پہلی ٹریڈ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا اہتمام کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین اور قطر سے اربوں ڈالر سفارتکاری سے حاصل کیے، آئی ایم ایف میں جانے سے پہلے جو معاشی دھماکا ہونے والا تھا وہ اللہ کے کرم سے رک گیا، اگر دیوالیہ ہو جاتے تو روپے کا برا حال ہوجاتا۔

برطانیہ کو نئی منڈیوں کی تلاش ہے جو جو پاکستان فراہم کر سکتا ہے

انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کاٹن پیدا نہ کرنے کے باوجود ویلیو ایڈیشن سے اربوں ڈالر کا سامان برآمد کر رہا ہے، چین کے ساتھ زراعت میں ریسرچ کا معاہدہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی اشیاء ایکسپورٹ کرنی چاہیے تھی لیکن ہم درآمد کر رہے ہیں، اربوں روپے کا خوردنی تیل امپورٹ کر رہے ہیں جو پاکستان خود پیدا کر سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں دیئے جانے کا منصوبہ ہے، زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے قطر سے مزید رقم آنے کا امکان ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہا کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ نے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری تسلیم کی، بریگزٹ کے بعد برطانیہ کو نئی منڈیوں کی تلاش ہے جو جو پاکستان فراہم کر سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں