اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں عالمی وبا کے دوران پیدا ہونے والی بچی کا نام ’کورونا‘ رکھ دیا گیا۔
چین سے دنیا بھر میں پھیلنے کے بعد عالمی معیشت کو تباہ کرنے والی وبا ’کورونا‘ کی وجہ دنیا کے بیشتر ممالک لاک ڈاؤن اور کرفیو لگانے پر مجبور ہیں تاہم ایشیائی ممالک میں اس وبا کا بھرپور مذاق اڑایا گیا اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے نت نئے طریقے بھی ایجاد کیے گئے اور اب بھارت میں ہی کرفیو کے دوران پیدا ہونے والی بچی کا نام بھی ’کورونا‘ رکھ دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے ضلع گورکھ پور میں پیدا ہونے والی بچی کے والدین نے اس کا نام ’کورونا‘ رکھ دیا ہے، بچی کے انکل نے ’کورونا‘ نام رکھنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وائرس نے ہزاروں لوگوں کی جان لی ہے تاہم اس وائرس کے جہاں بہت سارے نقصانات ہیں وہیں اس کے کچھ فوائد بھی ہیں جیسا کہ ہم سب اس کی وجہ سے آج اکھٹے ہوئے ہیں اور یہ لوگوں کے لیے یکجہتی کی علامت ہے۔
واضح رہے دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح بھارت نے بھی 22 مارچ سے ’جنتا کرفیو‘ نافذ کررکھا ہے جس میں عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ بھارت میں اب تک کورونا وائرس کی متاثرین کی تعداد 562 ہوچکی ہیں اور اس وائرس کی وجہ سے 9 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔