بھارت میں بھی کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آگئی


بھارت میں بھی برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پہلے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تصدیق برطانیہ سے آنے والے مسافروں میں کی گئی ہے۔

بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ بنگلورو، حیدرآباد اور پونا کی لیبارٹریز میں لیے گئے نمونوں میں برطانیہ میں سامنے آنے والے کورونا کے نئے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق جن افراد میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی ان کو فوری طور پر ہیلتھ کیئر سینٹرز میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے جب کہ ان کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والوں کو بھی قرنطینہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ان کے ساتھ سفر کرنے والوں، فیملی کے لوگوں اور دیگر رابطہ کاروں کی ٹریسنگ کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔

بھارتی وزارت صحت کا بتانا ہےکہ بھارت پہلے ہی برطانیہ کے ساتھ تمام فلائٹس آپریشن معطل کرچکا ہے لیکن پابندی سے پہلے نومبر کے آخر تک تقریباً 33 ہزار افراد نے برطانیہ کا سفر کیا جن میں سے بھارت آنے والے 114 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، ان تمام افراد میں کورونا کی نئی قسم کی جانچ کے لیے ان کے سیمپل لے لیے گئےہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 22 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اموت ایک لاکھ 48 ہزار سے زیادہ ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کا بتانا ہےکہ بھارت میں 29 دسمبرکو 25 جون کے بعد سے کورونا کے سب سے کم 16 ہزار 432 کیسز رپورٹ ہوئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں